پشاور(رحم یوسفزئی)13سال قبل عمرہ کے دوران سعودی عرب میں لاپتہ ہونے والا پاکستانی عرب نیوز میں تصویر چھپنے پرمل گیا۔ پشاور وڈپگہ کے رہائشی 85صارم خان کو اس کے گھروالوں نے عرب نیوز کے فرنٹ پیج پر شائع ہونے والی حج 2019ء کی بہترین تصویر میں دیکھ کرپہچانا۔اہل خانہ نے صارم کی واپسی کیلئے سعودی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔لاپتہ ہونے کے 6ماہ بعد صارم خان کا بیٹا بھی اسے ڈھونڈنے سعودی عرب گیا تھاتاہم ناکام لوٹاتھا۔ گھروالوں نے صارم خان کے زندہ ہونے کی امیدیں چھوڑ دی تھیں۔ صارم کے بیٹے ارشد علی کے مطابق جب سے یہ تصویر ویب سائٹ پر شائع ہوئی ،ہمارے رشتہ دار یہی تصویر ہمیں بھیج رہے ہیں۔بیٹے کے مطابق صارم خان قوت سماعت سے محروم ہے ۔