ملتان(سپیشل رپورٹر) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ دشمن پلوامہ حملے کی طرح بڑے آپریشن کی پلاننگ کررہا ہے ،ایسا ہوا تو دشمن کو بر وقت اور بھرپور جواب دیا جائے گا ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ طالبان امن معاہدہ بڑی پیشرفت تھی،افغانستان امن عمل میں کچھ طاقتیں رخنہ ڈال رہی ہیں۔رخنہ ڈالنے والوں میں داعش اور ایک قوت ہمارے پڑوس میں ہے ۔دنیا کواس ملک کی سازشوں پرنظررکھنی ہوگی۔انہوں نے کہا پاکستان جنگی جنون میں مبتلا نہیں ہونا چاہتا تاہم بھارت جعلی فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ، ہم نے اقوام متحدہ ، بی5سمیت عالمی برادری کو بھارتی منصوبے سے آگاہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی معاشی حالت سے دنیا کی نظر ہٹانے کیلئے کشمیر میں کارروائی کرسکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آج کابینہ کے اجلاس میں 65ارب روپے کا زرعی پیکج منظور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کارڈ نہ کھیلے ، یہ پاکستان کارڈ کھیلنے کا وقت ہے ۔ پیپلز پارٹی بھی پنجاب میں آئے ، اس کا حق ہے جبکہ سندھ میں جانا ہمارا استحقاق ہے ۔ ہمیں سندھ میں جانے کیلئے کسی کے این او سی کی ضرورت نہیں۔میں نے سمجھانے کی کوشش کی کہ پیپلز پارٹی سے وفاق کی خوشبو آتی تھی صوبائیت کی تقسیم میں نہ پڑیں۔ میں نے بلاول بھٹو کوتب سے دیکھا ہے جب وہ کونے میں کھڑے ہوکر محترمہ سے جھڑکیاں کھاتے تھے ۔انہو ں نے کہاہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہم 18 ویں ترمیم چاہ کر بھی ختم نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا عمران خان کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے نہ ہی ایف آئی اے کی رپورٹ غائب ہوئی ہے ۔امید ہے رپورٹ جلد منظر عام پر آجائے گی۔قبل ازیں سرکٹ ہائوس ملتان میں ڈسٹرکٹ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا وزیر اعظم والنٹیر فورس کسی مخصوص سیاسی جماعت کا ایجنڈا نہیں، انشائاللہ ٹائیگر فورس کے اچھے نتائج برآمد ہونگے ۔