Common frontend top

اضافی گیس بلوں کی واپسی،50کروڑجاری کرنے کی ہدایت ؛ پنجاب میں تنخواہوں کے بل پر نظرثانی کی جائے :وزیراعظم

منگل 19 مارچ 2019ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ)وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر بات چیت کی گئی،وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے پر ناراضی کا اظہار کیا اور وزیراعلی ٰ کو بل پر نظرثانی کی ہدایت کردی ،وزیراعظم نے گیس بلوں میں اضافی رقم واپس کرنے کے لیے وزارت خزانہ کو پچاس کروڑ روپے فوری جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی ، عالمی بینک کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کردیا۔وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم کو تنخواہوں میں اضافے ، مراعات کے حوالے سے بریفنگ دی وزیر اعظم نے کہاکہ ملکی معاشی حالات کے پیش نظر اراکین اسمبلی کی تنخواہوں کی کوئی ضرورت نہ تھی ۔عمران خان نے وزیراعلیٰ کی تاحیات مراعات کے فیصلے پر اظہارمایوسی کرتے ہوئے کہاکہ عوامی نمائندوں کی مراعات میں اضافے سے عوام میں منفی پیغام جائیگا،ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور انتظامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔نیوز ایجنسیوں کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سے نواز شریف کی صحت، علاج کی سہولیات پر بھی بریفنگ لی ۔ وزیراعظم عمران خان نے گیس بلوں میں اضافی رقم واپس کرنے کے لیے وزارت خزانہ کو پچاس کروڑ روپے فوری جاری کرنیکی ہدایت کردی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے جون تک تمام اضافی رقم واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اووربلنگ کی رقم تین مراحل میں واپس کی جائے گی۔وزیر اعظم آفس میں گرین لائن منصوبے سمیت کراچی میں وفاقی حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاہے کہ ماحولیاتی آلودگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کراچی جیسے بڑے شہروں کے تمام منصوبوں میں ماحولیات کے عنصر کو مد نظر رکھا جائے ۔اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل و دیگرنے شرکت کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں۔ جبکہ وزیراعظم سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی ،ملاقات میں امریکہ میں ورلڈ بینک کے نمائندے ، پاکستانی ٹیم کے سربراہ اور دیگر حکام بھی شریک تھے ، وفدنے وزیراعظم کو ملک میں جاری منصوبوں میں مالی معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک منصوبوں کی تکمیل میں فنڈز کی کمی نہیں آنے دیگا ،مختلف منصوبوں میں ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے آئیڈیل ملک بن چکا ہے ۔وزیراعظم نے پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی ، منتظمین اور سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی ۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم، مینجر ، اپنے دوست ویوین رچرڈز کو جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اگلے پی ایس ایل کا انعقاد مکمل طور پر پاکستان میں ہوگا۔وزیراعظم سے سپیکر اسد قیصر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قانون سازی امور خاص طور پر آئندہ قانون سازی ، مثالی دیہات کے تناظر میں میں سماجی کاموں پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا اجلاس میں 30 نکاتی ایجنڈے پر غور ہو گا۔ کابینہ"انٹرٹینمنٹ اور گفٹ" کیلئے بجٹ ختم کرنے کی منظوری دیگی ۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ سابق قبائلی علاقہ جات کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کیلئے تین ہفتوں کا مشاورتی عمل باجوڑ سے شروع کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کا قبائلی اضلاع کیلئے آئندہ دس سال کے دوران 100 ارب روپے سالانہ خرچ کرنے کا پلان ہے ۔وزیراعظم نے اسلام آباد کے نواحی علاقہ بہارہ کہو سے بے سہارا بوڑھی خاتون کی فریاد سنتے ہوئے فوری طور پر مدد دینے کے احکامات جاری کیے جس پر پی ٹی آئی راہنما علی نواز اعوان عہدیداروں سمیت بوڑھی خاتون کے پاس پہنچے اور ان کی وزیر اعظم سے ویڈیو کال کرائی بوڑھی خاتون نے وزیر اعظم کو التجا کی کہ شوہر کی قبر اسی جگہ ہے اور مجھے یہاں پر چھت دی جائے جس پر وزیر اعظم نے انہیں وہیں پر سہولت دینے کی یقین دہانی کرا دی ۔ دریں ا ثنا وزیراعظم آئندہ ماہ کراچی،کوئٹہ اورگوادرکودورہ کرینگے اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اورنئے پیکجیز کا اعلان کرینگے ۔وزیر اعظم نے عالمی بینک کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے مستقبل میں غربت میں کمی لانے کیلئے معیشت ، سیاحت جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ وفد میں نائب صدر جنوبی ایشیا مسٹر ہارٹ وگ ، نائب صدر انسانی ترقی محترمہ اینٹی ڈیکون، کنٹری ڈائریکٹرمسٹر اعلن گووان، آپریشن منیجرمحترمہ میلنڈاگڈ اور سینئر کنٹری منیجرآئی ایف سی مسٹر ندیم صدیقی شامل تھے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں