لاہور، نیویارک،اسلام آباد،سڈنی ،نئی دہلی، کوئٹہ، سرینگر، استنبول (نامہ نگارخصوصی،وقائع نگار، خبر ایجنسیاں) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وزیراعظم بننے پر دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات جاری ہیں ۔سپریم کورٹ بارکے قائم مقام صدرقمرالزمان قریشی نے کہا کہ عمران خان قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے ۔ احتساب کا بے لاگ اعلان خوش آئند ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریزنے مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے عمران خان کی قیادت میں پاکستان اوراقوام متحدہ کے درمیان دنیاء بھر میں پیس کیپنگ آپریشنز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کومزید فروغ حاصل ہوگا۔سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے لوگوں کی خدمت کریں گے ۔سابق بھارتی کرکٹرسنیل گواسکرنے کہا ہے حلف برداری کی تقریب میں شریک نہ ہوسکا لیکن دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں۔امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان نے امریکی حکومت کے نیک خواہشات اور مبارکباد کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات کی تاریخ 70 سال پرانی ہے ،مستقبل میں پاکستان میں خوشحالی کے لیے کام کرنے کے لیے پُرامید ہے ۔امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق،صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سمیت کشمیری حریت رہنماؤں نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ عمران خان پاکستان کو سیاسی و معاشی لحاظ سے مستحکم بنائیں گے ۔ادھر سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر ڈاکٹر فاروق عبد اﷲ نے عمران خان کو پاکستانی وزیر اعظم منتخب ہونے اور عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنگ و جدل سے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔علاوہ ازیں ترکی کے صدر طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اورانہوں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ترک صدر نے عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔دوسری طرف ابو ظہبی کے کراؤن پرنس محمد بن زاید نے ٹیلیفون کیا اور وزیر اعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی۔برطانیہ کی بریڈ فورڈ یونیورسٹی نے بھی عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان بننے پر مبارکباددی۔