اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ملکی درآمدات میں اضافے کا رحجان جاری رہا ، مارچ میں تین ملکوں سے درآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 129 فیصد اضافہ ہوا، مارچ میں کویت سے درآمدات میں 188 فیصد اضافہ ہوگیا، درآمدات 17 کروڑ 42 لاکھ ڈالرز رہیں، مارچ 2020 میں کویت سے درآمدات 6 کروڑ ڈالرز تھیں ،سعودی عرب سے درآمدات میں117 فیصد اضافہ ہوا، درآمدات 25 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز رہیں،مارچ 2020 میں سعودی عرب سے درآمدات 11 کروڑ 77 لاکھ ڈالرز تھیں، چین سے درآمدات میں 83 فیصد اضافہ ہوا، درآمدات ایک ارب 40 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز رہیں، مارچ 2020 میں چین سے درآمدات کا حجم 77 کروڑ ڈالرز تھا۔ چاولوں کی برآمدات میں گزشتہ ماہ کے دوران 13.21 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا، پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق مارچ 2021 میں 385,978 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات سے ملک کو222.509 ملین ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہوا، یہ شرح گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 13.21 فیصدزیادہ ہے ۔ گزشتہ سال مارچ میں 375,482 میٹرک ٹن چاول کی برآمدسے ملک کو 196.53 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔