Common frontend top

صدر مملکت سے امیر قطر کی ملاقات،اعلی ٰسول ایوارڈ’’نشان پاکستان‘‘ سے نواز ا

پیر 24 جون 2019ء





اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں )امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد واپس چلے گئے ۔اس سے پہلے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اپنے دورے کے آخری روز ایوان صدر کے مہمان بنے ۔ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے امیر قطر کو پھول پیش کئے ۔اس موقع پرگورنر پنجاب چودھری سرور، وفاقی وزرا اور وزیراعظم کے معاونین بھی موجود تھے ۔صدر مملکت اور امیرقطر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے اور د وطرفہ تعلقا ت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدرمملکت نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری میں اضافہ کی استعداداورقطر میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگارکے زیادہ مواقع کے امکانات پربھی زوردیا۔ صدرمملکت نے افغانستان میں امن اورمفاہمت کوفروغ دینے میں قطرکی کوششوں کو سراہا اورکہا یہ علاقائی امن کیلئے قابل غور اوراعلیٰ خدمات ہیں۔امیرقطرنے دورہ پاکستان کی دعوت اور گرمجوش میزبانی پر پاکستانی حکومت اورقیادت کا شکریہ اداکیا ۔ امیرقطرنے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔امیرقطرنے پاکستان میں سیاحت کے شعبہ کی استعداد میں بہتری کیلئے اس شعبے میں قطر کی سرمایہ کاری، تکنیکی معاونت اورمیزبانی کی صنعت میں تعاون کی پیشکش کی۔امیرقطرنے پاکستان سے مزیدافرادی قوت اور تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکاروں کی درآمد کی خواہش کا اظہارکیا۔افغان امن مذاکرات میں پیشرفت کا مشاہدہ کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے علاقائی امن اوراستحکام کیلئے قریبی کام کرنے سے اتفاق کیا۔صدر مملکت نے شاندار تقریب میں شیخ تمیم بن حمد الثانی کو اعلیٰ سول ایوارڈنشان پاکستانسے نوازاجس پر امیر قطر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، ارکان اسمبلی ، اعلی سول و فوجی حکام اور اوردیگر ملکوں کے سفیروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔ ایوان صدر میں معزز مہمان کیلئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔امیر قطر واپس روانگی کیلئے نور خان ایئر بیس پہنچے توانہوں نے جے ایف 17تھنڈر کا معائنہ کیا ۔ انہیں لڑاکا طیارے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ بعدازاں وہ وطن واپس چلے گئے ۔نورخان ایئربیس پروزیراعظم کے مشیرزلفی بخاری نے معززمہمان کو الوداع کیا۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں