لاہور(گوہرعلی)اپوزیشن کے 25جولائی کو جلسہ میں پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں مقابلہ کی فضا پید ا ہوگئی ، مسلم لیگ (ن) کے لاہور میں بڑاشو کرنے کے فیصلہ کے بعد پیپلزپارٹی نے بھی صو بہ کے ہر ضلع سے اس جلسہ میں عہدیداروں کی نمائندگی لازمی قرار دے دی ۔مسلم لیگ (ن) نے اس جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے دھڑ ے بندیاں ختم کر نے کی کوشش شروع کردی ہیں تو پیپلز پارٹی نے بھی لاہور کے ٹکٹ ہولڈز کو اکٹھا کرنا شرو ع کردیاہے ۔اپوزیشن کے لاہور میں یوم سیاہ کے موقع پر ہونے والے جلسہ میں پیپلزپارٹی نے اپنی بھر پور موجودگی کااحساس دلانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنا شروع کردیا ہے اور اس مقصد کے لئے پیپلزپارٹی کے مختلف سطح پر اجلاس جاری ہیں جس میں عہدیداراور کارکنان شریک ہورہے ہیں۔ پیپلزپارٹی اس جلسہ میں میں پوری قوت سے شریک ہونا چاہتی ہے او ر جبکہ لاہور کے ٹکٹ ہولڈزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کارکنان کی اس جلسہ میں شرکت یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں اور کارکنان پارٹی پرچم کے ہمراہ اس جلسہ میں شریک ہوں ۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنماؤں کو منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔لاہور سے تعلق رکھنے والے لیگی عہدیداروں کو بھر پور انداز میں کارکنان کو جلسہ میں لانے کی ہدایت کی جارہی ہے ۔