Common frontend top

عثمان بزدار اور بھائیوں کیخلاف900 کنال سرکاری زمین جعلسازی سے نام کرانے پرمقدمات درج

پیر 20 جون 2022ء





لاہور، ڈیرہ غازی خان(نیوز رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارکیخلاف تونسہ میں کروڑوں مالیت کی 900کنال سرکاری زمین جعلسازی سے اپنے نام منتقل کرانے پر مقدمات درج کرلئے ،ذرائع اینٹی کرپشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر مقدمات درج کئے گئے جبکہ مقدمات میں سابق وزیر اعلیٰ کے بھائیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔ مقدمات میں سرکاری زمین کو جعلسازی سے اپنے نام منتقل کرانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے 900 کنال سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے بارے میں جعلی لیٹر تیار کروایا،1986 میں جعلی انتقالا ت درج کرانا ظاہر کیا اور زمین کو ہتھیا لیا۔ذرائع اینٹی کرپشن کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے شواہد اکٹھے کئے جارہے تھے ،ملزمان کیخلاف تحقیقات کاآغازکردیاگیا۔ ڈی جی خان سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق انٹی کرپشن کے فوکل پرسن شمشیر گورمانی کا کہنا ہے کہ سردار عثمان بزدار نے اپنے دور اقتدار میں سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے بارے میں 1982 کا جعلی لیٹرتیار کرایا۔ 1986 میں انتقالا ت درج کرانا ظاہر کیا اور زمین کو ہتھیا لیا۔ملزموں کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں