لاہور(وقائع نگار) پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضے کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی۔اجلاس کو بتایاگیا کہ کاٹیج انڈسٹریز کیلئے آسان شرائط پر قرض دینے کے پروگرام کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ۔ کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دینے کیلئے 3 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ قرضے کی واپسی 3 برس میں ہوگی جبکہ3 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ اسی طرح سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 6 ارب روپے کی لاگت سے قرضے کی سکیم شروع کی جائے گی جس کے تحت 30 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا اور 6 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ لون مارک اپ سپورٹ پروگرام کے تحت موجودہ ایس ایم ایز کو بھی آسان شرائط پر قرض ملے گا اور اس سکیم کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے جائیں گے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے مصنوعی مہنگائی خصوصاً سبزیوں کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی زندگی کو سسکتے آج 100 واں روز ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 100 دن سے جاری کرفیو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور درندگی کی بدترین مثال ہے ۔ بھارت کے کشمیر یوں کے ساتھ بدترین سلوک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان اور راجن پورمیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعات کی انکوائری کا حکم دے دیا ۔ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر تحقیقات کرکے 3 روز میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر کو آج ڈیرہ غازی خان اور راجن پور پہنچنے کی ہدایت کی ۔علاوہ ازیں صلہ رحمی و حسن سلوک کی ضرورت و اہمیت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد خلق خدا کی بھلائی کی سرگرمیوں کے بارے میں شعور کو عام کرناہے ۔ دکھی انسانیت سے صلہ رحمی و حسن سلوک سے پیش آنا ہم سب کا مذہبی، اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے ۔دریں اثنا انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کزن نواب ریاض حسین قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات بلندی کی دعا کی۔ ادھر وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کے علاقے ککوآنہ میں اغوا کے بعد 8سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوفیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔