اسلام آباد؍لاہور(خبر نگار؍کامرس رپورٹر؍سپیشل رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیراعظم عمران خان کے ڈیم فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے ۔ عطیے کا چیک لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کو پیش کیا۔ وزیراعظم نے لاہور چیمبر آف کامرس کے عطیہ کو سراہتے ہوئے کہا ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے آبی بحران کو ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور نئے آبی ذخائر تعمیر نہ کئے گئے تو آئندہ 7 برس تک ملک کو قحط سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود بھاری قرضوں کی وجہ سے ڈیم کی تعمیر کیلئے قرضہ ملنا مشکل ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں امن وامان کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔علاوہ ازیں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے فیشن برانڈ کھادی (Khaadi) نے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں 3 کروڑ روپے بطور عطیہ جمع کرادیئے ہیں۔ اس بات کا اعلان وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی کے موقع پر ڈیم فنڈ جمع کرنے کی ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔ قومی فریضے کی ادائیگی کے لئے کھادی نے یوم آزادی پر 14 اگست کو خریداری کی تمام رقم پاکستان کے لئے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان آج پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے اور سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسبی کے امور اور خطے کی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،وزیر خزانہ اسد عمر ،مشیر تجارت رزاق دائود وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب سے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی شاہ سلمان کی دعوت کی پر دورہ کررہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے میں عمرہ بھی ادا کریں گے اور روضہ رسول اﷲﷺ پر حاضری بھی دیں گے ۔وزیر اعظم عمران خان سعودی بادشاہ ،شاہ سلمان،او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد سے ملاقاتیں کریں گے ۔وزیر اعظم کل شام سعودی عرب سے ابوظہبی پہنچیں گے وہاں پر ابوظہبی کے ولی عہد شہزاد محمد بن زاید النہیان ان کا استقبال کریں گے ۔