Common frontend top

جے آئی ٹی رپورٹ کا انتظارکرنا چاہئے کسی کو اٹھاکر پھانسی نہیں لگاسکتا:عثمان بزدار

منگل 22 جنوری 2019ء





لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگار،این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی رپورٹ آج شام 5 بجے تک آجائے گی اورپھر دیکھیں کہ ہم نے کیا کچھ کیا ہے ؟پرانے پاکستان اور نئے پاکستان کی جے آئی ٹی میں واضح فرق نظر آئے گا ۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساہیوال واقعہ افسوسناک ہے ، پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق خلیل کے خاندان کیساتھ ہیں۔صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ میں کسی کو اٹھاکر اس طرح پھانسی نہیں لگا سکتا،آج شام تک رپورٹ کا انتظار کریں پھر مجھ سے سوال کریں۔رپورٹ ملتے ہی اعلی سطح کا اجلاس ہوگا، میں اس معاملے کو خود دیکھوں گا اور ایکشن کرکے دکھاؤں گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت سو ل سیکرٹریٹ میں ساڑھے تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا،جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبے کے عوام کوسہولتوں کی فراہمی اورانہیں ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کابھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ڈویژنل کمشنرزاورآر پی اوز کوامن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کے بارے میں گائیڈلائنز جاری کیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے انتظامیہ اورپولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اعدادوشمار کی بجائے حقیقی معنوں میں بہتری کے لئے کام کیا جائے ۔پولیس کے گشت کا موثر نظام ہونا چاہیے ۔پولیس کا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کو عوام دوست رویہ اپنا نا چاہیے ۔سب اچھا ہے کی رپورٹ سے کام نہیں چلے گا،عملی اقدامات کریں اوربہتر نتائج دیں۔عوام سے رابطے مزید مضبوط کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ محکموں اوراداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بنایا جائے ۔عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ میرے دوروں کے دوران وضع کردہ پلان پر مکمل عملدر آمد کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں نمونوں کے رزلٹ کی ترسیل کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ۔چولستان کے لوگوں کو علاج معالجے کے لئے موبائل میڈیکل ٹیمیں بھجوائی جائیں۔چولستان میں گھروں کوروشن کرنے کیلئے سولر پینل لگانے کا جائزہ لیا جائے ۔صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ،انسپکٹر جنرل پولیس،متعلقہ سیکرٹریز،ڈویڑنل کمشنرزاورآر پی اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ضلع کچہری پاکپتن میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعجاز چودھری کے بھائی ڈاکٹرآصف کے انتقال پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں