لاہور(سٹاف رپورٹر،کرائم رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو طبیعت ناساز ہونے پرچیک اپ کیلئے نیب لاہور آفس سے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔قبل ازیں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹ میں کہا تھا سابق وزیراعظم کی طبیعت ٹھیک نہیں اور انہیں تشویش ناک حد تک پلیٹ لیٹس کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ نواز شریف کی ناساز طبیعت کی خبر سن کرشہبازشریف نیب لاہور کے آفس پہنچے ۔لیگی کارکنوں نے نیب آفس کے باہر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی اورپارٹی جھنڈے اٹھاکرحکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔بعد ازاں نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کے ساتھ گاڑی میں سروسز ہسپتال پہنچے ۔سروسز ہسپتال میں نواز شریف کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ بنا دیا گیا،بورڈ کی سربراہی پرنسپل سمز پروفیسرمحمود ایاز کررہے ہیں،نوازشریف کی سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری کو سروسز ہسپتال تعینات کردیا گیا،لیگی قائد کو سرجیکل یونٹ کے پرائیویٹ روم کے وی آئی پی وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ نوازشریف کے سروسز ہسپتال کے گیٹ پر پہنچنے پر لیگی کارکنان گاڑی کے سامنے کھڑے ہوگئے ،بعض کارکنان گاڑی پر چڑھ گئے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ،انہوں نے شیر شیر کے نعرے لگائے ۔ نواز شریف نے کارکنوں کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلاکر دیا،لیگی کارکنوں نے جیل روڈ بھی کچھ دیر کے لئے بلاک رکھی۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے گاڑی ہسپتال میں داخل ہوتے ہی گیٹ بند کردیا، کارکن باہر حکومت کیخلاف نعرے لگاتے رہے ۔ صدرن لیگ اوراپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا قائدمسلم لیگ ن کی جان سے کھیلاجارہاہے ، خدانخواستہ نواز شریف کوکچھ ہواتوعمران نیازی کوقاتل ٹھہرائیں گے ، نوازشریف کی سرکاری طبی رپورٹس میں سنگین خطرات کی واضح نشاندہی کی گئی ہے ،عوام کے حق کیلئے لڑنے والے قائد کی خاطرہرخطرے سے ٹکرا جائیں گے ۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہاانہیں خدانخواستہ نقصان پہنچاتوعوام کاہاتھ اور عمران صاحب کاگریبان ہوگا،خون میں سفیدخلیوں کی تعدادمیں نمایاں کمی انتہائی خطرناک علامت ہے ،عمران صاحب آپ کی نالائقی،نااہلی اورجھوٹ چھپ نہیں سکتا۔دوسری جانب کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو راوی ٹول پلازہ سے گرفتار کرلیا گیا ، کیپٹن صفدر اسلام آباد سے لاہور نواز شریف کی خیریت دریافت کرنے آرہے تھے ۔پولیس کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اشتعال انگیز تقریر کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ن لیگ کے رہنما عطا تارڑاور ایس ایس پی لاہور نے گرفتاری کی تصدیق کردی ۔