Common frontend top

وزیر اعظم کی تمام توجہ غربت میں کمی پر،سی پیک کو وسعت دی:خسرو بختیار

پیر 21 جنوری 2019ء





لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہاہے سی پیک کے ڈھانچے کو وسعت دی ہے ،سی پیک پر تیزی سے چلے تو ملکی معیشت کا ڈھانچہ بدل جائے گا،سی پیک میں پچھلے پانچ سال میں سیکریسی کا غلاف تھا، وزیر اعظم کی پوری توجہ غربت کم کرنے پر ہے ، چین کی صنعتوں کی پاکستان منتقلی پر بات ہو رہی ہے ،مختلف شعبوں میں 90 لاکھ نوکریوں کی نشاندہی کی ہے ،احسن اقبال غلط اعداد وشمار پیش کر کے قوم کو گمراہ نہ کریں بلکہ حقائق پر بات کریں۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت کاروباری طبقے کو سی پیک پر آن بورڈ لے گی۔20دسمبر کو چین کے ساتھ صنعتی تعاون پر معاہدہ کیا، سی پیک کے تحت 12 لاکھ نوکریاں حاصل ہو سکتی ہیں، چین نے 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا، زراعت پر چین اور پاکستان کا ورکنگ گروپ جلد ملاقات کرے گا، گوشت، پولٹری ،پھل،سبزیاں اور سی فوڈ چین کو بر آمدکریں گے ،چین پاکستان کو اگلے 3 سال میں 1 ارب ڈالر کی گرانٹ دے گا۔وفاقی وزیر نے کہا ہمارا تجارتی خسارہ 19فیصد کم ہوا ہے ۔اس وقت ہمارا سب سے بڑا چیلنج درآمدات ہیں، چار صنعتی زونز کو متحرک کر دیں تو 9 ارب ڈالر کی درآمدات میں کمی آ سکتی ہے ۔ گوادر پر پچھلے پانچ سال توجہ نہیں دی گئی، گوادر کا ماسٹر پلان کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ کراچی سے پشاور تک ریلوے پ گریڈیشن اورسی پیک ویسٹرن کوریڈور پر کام تیز کریں گے ، کوئٹہ اور ژوب کو ملانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ہماری کل برآمدات 25ارب ڈالر بھی نہیں ہیں،تین سال میں درآمدات اور برآمدات کے فرق کو ختم کریں گے ۔ بلوچستان حکومت اور اتحادیوں سے رابطہ ہے ، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے آئندہ بجٹ میں نظر آئیں گے ، بلوچستان کی ترقی ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم رنجیدہ ہیں اور انہو ں نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ جنوبی پنجاب پر جب سوال ہوتا ہے تو میں خوش ہوتا ہوں، ن لیگ جنوبی پنجاب کے معاملے پر 2 صوبوں کی بات شروع کر دیتی ہے ،یہ جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر تفریق پیدا کر رہی ہے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں