لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں مال و دولت کے ساتھ شہریوں کی عزت بھی غیر محفوظ ہو گئی۔ گجر پورہ میں کلینک سے گھر جاتے ہوئے حوا کی بیٹی لٹ گئی۔4 ڈاکوو ں نے مبینہ واردات میں لوٹ مار کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ ڈکیتی ، چوری اور راہزنی کی وارداتوں کے دوران شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور قیمتی اشیا سے محروم کر دیا گیا ۔ذرا ئع کے مطابق گجر پورہ کے علاقے میں خاتون کمپائونڈر کلینک سے گھر جا رہی تھی جس کو 4ڈاکوئوں نے روکا اور لوٹ مار کے بعد کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر خاتون اور اہلخانہ کے بیانات ریکارڈ کیے اور ایف آئی آر درج کر لی۔ واقعہ کے بعد آئی جی پولیس پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے 2 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لینے کا دعویٰ سامنے آیا جبکہ نواب ٹاون کے علاقے میں مسلح ڈاکو گھر میں گھس کر انور اور اس کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر اسلحہ کے زور پر 4لاکھ 60 ہزار روپے کی نقدی،زیوارات و دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے ۔کاہنہ کے علاقے میں ڈاکو غفور کے گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 3 لاکھ روپے کی نقدی۔پرائز بانڈ اور طلائی زیوارات لوٹ کر لئے گئے شادمان کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو فیروز اور فیملی سے 5لاکھ 10ہزار کی نقدی و زیورات، فیکٹری ایریا کے علاقے سے رمضان اور فیملی سے 2لاکھ 90کی نقدی و زیورات، شاہدرہ ٹائون سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر اطہر سے 30 ہزار،ملت پارک سے حسنین سے گن پوائنٹ پر 45 ہزار نقدی موبائل فون اور اکبری گیٹ سے گن پوائنٹ پر پرویز سے 18ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ نامعلوم قائد اعظم انڈسٹریل ایریا اور گلشن راوی سے گاڑیاں جبکہ ہنجروال ،نصیر آباد اور نولکھا سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے ۔