میر پور خاص،کھپرو (نامہ نگاران،سٹاف رپورٹر، این این آئی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر سابق صدر اور وزیراعظم حساب دے رہے ہیں تو پھر سب کو حساب دینا پڑے گا،سابق صدرزرداری پر بنے تمام کیسز سیاسی اور مضحکہ خیز ہیں، وزیراعلی سندھ کی طرح وزیراعظم کو بھی سیلاب متاثرین کا ساتھ دینا چاہیے ۔وہ تالپور ہائوس میر پور خاص میں پریس کانفرنس اور کھپرو میں خطاب کررہے تھے ، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال، صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لعل اور دیگر رہنما موجود تھے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کورونا وبا کے بعد ہم اب تک معاشی مسائل سے نہیں نکلے ، اور شدید بارشوں کے بعد ٹڈی دل کے حملوں سے زراعت کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔انہوں نے کہاکہ سیلاب اور بارش سے بہت نقصان ہوا ہے ، سیلاب متاثرین کا ساتھ دینا ہو گا اور پورے پاکستان کو ایک ہونا پڑے گا۔ چھوٹے کسانوں کو ہنگامی بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت 5گھنٹوں کا ٹرپ لگا کر واپس نہ جائے ، وزیراعظم عمران خان خود کو کپتان کہتے ہیں تو وزیراعلی سندھ کی طرح وزیراعظم کو بھی سیلاب متاثرین کا ساتھ دینا چاہیے ۔عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ سندھ کے عوام کو دل سے اپنائے ۔ توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق صدر پر بتائے گئے تمام کیسز سیاسی اور مضحکہ خیز ہیں، آج تک خورشیدشاہ جیل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر اور وزیراعظم کا حساب ہو سکتا ہے تو پھر سب کو حساب دینا پڑے گا، یہ کھوکھلا نظام نہیں چلے گا۔آئی جی پنجاب کی تبدیلی سے متعلق سوال پرکہا کہ یہ وزیراعلی پنجاب کا استحقاق ہے لیکن اگر سندھ حکومت اپنا آئی جی تبدیل کرنا چاہے تو وفاق ہمیں کرنے نہیں دیتا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں دو سالوں کے دوران 5 آئی جیز تبدیل ہو چکے ہیں، اگر اس طرح ہو گا تو عوام تو ضرور سوال کریں گے ۔