لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد،ملتان(وقائع نگار، این این آئی،نامہ نگار خصوصی،صباح نیوز) لاک ڈائون کے دوران بھارت کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے 170 جبکہ قطر سے 500 پاکستانیوں کی وطن واپسی ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے 170 سے زائد پاکستانی شہری جوائنٹ چیک پوسٹ واہگہ۔اٹاری کے ذریعے پاکستان واپس پہنچے جسے کھولنے کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر اور وزارت خارجہ نے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے ریکارڈ ٹائم میں خصوصی کاوششیں کیں۔ این این آئی کے مطابق ان پاکستانی شہریوں میں مسلمان ، سکھ اورہندوشامل ہیں ۔دوسری طرف 208 بھارتی شہری بھی واپس اپنے ملک جانے کے منتظرہیں۔ ادھر قطرمیں پھنسے 251 پاکستانی شہری قطرایئرلائن کی خصوصی پروازپردوحہ سے اسلام آبادایئرپور ٹ جبکہ دوحہ سے ایک اور غیرملکی خصوصی پروازپر 249 مسافروں کو لیکر ملتان ائیرپورٹ پر پہنچی ۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافروں میں سے 222 مسافروں کو لیبر کمپلیکس قرنطینہ اور 27 مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے ۔