Common frontend top

نیب کا سیاست سے تعلق نہیں ، ایماندار لوگوں کا جینا آسان ہوگا:چیئرمین نیب

بدھ 14 نومبر 2018ء





لاہور(اپنے نیوزرپورٹرسے ) نیب کے چیئر مین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کادوسرے روز دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن کیسز میں جاری تحقیقات اور اہم پیشرفت پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستانی بزنس کمیونٹی سے کنسٹرکشن ایسوسی ایشن (CAP) کے مرکزی نمائندگان نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے چیئر مین نیب سے ملاقات کی۔نمائندگان کا کہنا تھا کہ ماضی میں80فیصد ملکی میگا پراجیکٹس بیرونی ممالک کی کمپنیوں کو فراہم کر دئیے گئے ۔ نیب انکوائریوں میں بزنس کمیونٹی کے افراد کی گرفتاری کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تاہم ایسوسی ایشن کیجانب سے بزنس کمیونٹی میں موجود کرپٹ عناصر کو منظرِ عام پر لانے کیلئے بھرپور مدد کی پیشکش کی گئی۔ چیئر مین نیب نے وفد کے ارکان سے مخاطب ہوتے ہوئے اس تاثر کی نفی میں کہا کہ نیب کیوجہ سے ملکی معیشت پر کسی قسم کے برے اثرات مرتب نہیں ہوئے ، نیب میں جب کسی سے پوچھا کہ5ہزارکے کام پر 50ہزارکیسے خرچ ہوئے تو سب نیب کے خلاف اکٹھے ہو گئے ۔جاوید اقبال نے مزید کہا نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، نیب صرف اور صرف بہتر ملکی مفادات کیلئے کام کر رہا ہے ۔چیئر مین نیب نے کہا اب ایماندار لوگوں کا جینا آسان ہو گا اور نیب کے اقدامات پاکستان میں بزنس کمیونٹی کے استحکام کا موجب ہونگے ۔چیئر مین نیب نے بزنس کمیونٹی کی مزید سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر بزنس ڈیسک بنانے کے احکامات صادر کئے جو ڈائریکٹر لیول کے نیب آفیسر کی نگرانی میں بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا ازالہ کریں گے ۔ نیب پنجاب میں چیئر مین نیب کی ہدایات کی روشنی میں بزنس ڈیسک تشکیل دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی ڈائریکٹر خاور الیاس کرینگے تاہم نیب ہیڈ کوارٹر میں قائم بزنس ڈیسک کی سربراہی ڈائریکٹر عاصم لودھی کررہے ہیں۔چیئرمین نیب کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کو شریف خاندان کے خلاف زیر تفتیش کیس، پیراگون، آشیانہ اقبال پر پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے احکامات جاری کئے کہ آشیانہ اقبال کیس میں گرفتار شہباز شریف کا ریفرنس جلد از جلد مکمل کرکے احتساب عدالت میں دائر کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ پیراگون ہائوسنگ سکینڈل میں نیب کی تفتیشی و قانونی ٹیم مکمل تیاری کرے ،خواجہ برادران کی قبل از گرفتاری ضمانت کی عدالت میں سماعت پر نیب ٹیم اپنا بھر پور موقف پیش کرے ،نیب کو زیر تفتیش کیسز میں مطلوب افراد کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ چئیرمین نیب نے ہائوسنگ سوسائٹیوں کے کیسز کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے کہا نیب کے تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں