اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ بجلی اور گیس چوری میں ملوث عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔چوری میں ملوث عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بنی گالہ میں وزیر توانائی عمر ایوبخان اور معاون خصوصی ندیم بابر سے ملاقات میں کیا ۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق بنی گالہ اجلاس میں وزیرِتوانائی نے وزیرِ اعظم کو توانائی کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات اور خصوصاً بجلی اورگیس چوری کی روک تھام کے سلسلے میں چلائی جانے والے ملک گیر مہم میں ابتک کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے بجلی اور گیس چوری کی روک تھام کی کامیاب مہم پر وزیرِ توانائی اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔ وزیرِ اعظم معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیرِ اعظم کو اپنے حالیہ دورہ ترکمانستان کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ای او بی آئی کے حوالے سے وفاق اور صوبوں کے مابین بعض معاملات کے حل کیلئے ان معاملات کو جلد مشترکہ مفادات کونسل کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ ان معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کر کے ایمپلائیز کی فلا ح و بہبود پر بھرپور توجہ دی جا سکے ۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ایمپلایئز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹیٹیوشن کی موجودہ صورتحال ، ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عمر رسیدہ پنشنرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعظم کو بتایا گیا ملک میں جلد پنشن ڈے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے ادا کرنے والے مالکان اور ایمپلائرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ای او بی آئی میں مزدوروں اور ورکرز کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے نہ صرف رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا جا رہا بلکہ اس سارے عمل کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے تاکہ بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ کم آمدن والے افرادکیلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تجویز ہے ۔وزیر اعظم نے ای او بی آئی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پنشنرز کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے ،پنشن حاصل کرنے والے عمر رسیدہ افراد کی سہولت کیلئے بینکوں کے ساتھ ساتھ پے منٹ کی دیگر سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلمان السعود نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ۔ ترجما ن وزیر اعظم آفس کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کر کے رمضان المبارک کی مبارکباد ی ۔انہوں نے کہا او آئی سی سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے وہ وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا مشکل معاشی حالات میں سعودی حکومت کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ 31 مئی سے مکہ میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں شرکت کروں گا۔ وزیر اعظم سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بنی گالہ میں ملاقات کی ۔ ترجمان وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور قومی اسمبلی کے آج سے شروع ہونے والے اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم خان سواتی نے بنی گالہ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے ۔ملاقات میں امن وامان اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اعظم سے وزیر قانون فروغ نسیم نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک میں قانونی اصلاحات کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ مفاد عامہ کے قوانین پر عملدرآمد کویقینی بنایا جاسکے ۔وزیرِ اعظم نے مرحوم وفاقی وزیر سردار علی محمد مہر کے بھائی علی گوہر خان مہر (ممبر صوبائی اسمبلی ) کو ٹیلیفون کیااور ان کے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مرحوم سردار علی محمد مہر کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان کے جواں سالہ فرزند کے انتقال پر دلی دکھ اور گہرے افسوس کا اظہار کیا۔