کراچی ( سٹاف رپورٹر ) ایم کیو ایم کے رہنما رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے سندھ حکومت کو آدھا تمہارا آدھا ہمارا کا مطالبہ کر دیا انھوں نے کہا ہے کہ سندھ کے ہم شیئر ہولڈر ہیں، سندھ ایک نہیں دو ہے ایک شہری سندھ اور ایک دیہی سندھ ہے ایک سندھ کراچی ،حیدرآباد اور سکھر ہے ، اور ایک سندھ دیہی ہے ہم تو وزیراعلی بھی آدھا آدھا چاہتے ہیں ، سندھ میں ایسے ہوگا گزارا آدھا تمہارا آدھا ہمارا ، جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے دو سندھ ہیں ایک دیہی اور ایک شہری ہے سندھ میں جعلی ڈومیسائل بن رہے ہیں جعلی ڈومیسائل کی وجہ سے کراچی سکھر حیدرآباد کی حق تلفی ہورہی ہے ، ایم کیو ایم میں کوئی اختلافات موجود نہیں ، مصطفی کمال اپنی سیاست پرغور کریں اس میں بھی وہ کامیاب نہیں ہونگے ، خالد مقبول صدیقی ہمارے کنوینرہیں اور ہم انکی رہنمائی میں کام کر رہے ہیں ، وزارتوں میں سے ایک بھی وزارت ہمیں نہیں چاہیے ، ہم سندھ کا حصہ اور شیئر ہولڈر ہیں ، آئی جی اے ڈی خواجہ ، کلیم امام سب کے ساتھ زیادتی کی گئی، حکومت سندھ کبھی محکمہ پولیس کو مضبوط بننے نہیں دے گی ، جو کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرتا ہے حکومت سندھ اسکی راہ میں کانٹے بچھا دیتی ہے ۔