کراچی(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والا فری کی زمین بھول جائے ، کم از کم پورٹ اینڈ شپنگ کی زمین کسی کو مفت میں نہیں دی جائے گی۔ پی این ایس سی میں سی فریئرزکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی کی ہزاروں ایکڑ زمین پر قبضہ ہے ،کیا زمینوں پر قبضہ کے پی ٹی سے مدد کے بغیر ہوسکتا تھا؟ خالی نعرے لگانے سے مسائل حل نہیں کئے جاسکتے ۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سی فریئرزملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،پی ایم اے کے 40 گریجوایٹ مختلف جامعات میں ڈگری حاصل کرسکیں گے ۔تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ فضل الرحمان میرے سر پر نہیں،اپنے سر پر خود سوار ہیں ،وزیر اعظم کہہ چکے این آر او نہیں مل رہا تو میں کیا کہوں،وزیر اعظم نے کہہ دیا کہ میری لاش سے گزرکر این آر او ملے گا،وزیر اعظم الحمد للہ سلامت ہیں،عدالت کا حکم نہ مانیں تو کیا توہین عدالت کریں،بڑے لوگ جیل میں بیمار ہیں،اللہ نواز شریف کو صحت دے مگر آج بھی کہتا ہوں نواز شریف چور ہے ،اگر وکی جمائما کا رشتہ دار ہے تو پتہ نہیں وین ڈیزل کس کا رشتہ دار ہے ۔