لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت احتساب نہیں ،سیاست کررہی ہے ،اگر احتساب ہوتا تو قابل مواخذہ لوگ وزیر اعظم کے اردگرد نہ بیٹھے ہوتے ، حقیقی احتساب ہوا تو اسمبلیاں خالی اور جیلیں بھر جائیں گی۔حقیقی احتساب صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے ۔عوام احتساب چاہتے ہیں جبکہ حکمران احتساب کی آڑ میں مہنگائی کرکے عوام کا استحصال کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے استحصال اور مہنگائی کے ظلم کو مزید برداشت نہیں کرے گی ۔جماعت اسلامی 16جون سے مہنگائی ،بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کررہی ہے جس کا آغاز لاہور میں عوامی مارچ سے ہوگا۔ گجرات میں جے آئی یوتھ شمالی پنجاب کے زیر اہتمام عید ملن اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کی خواہش پر منتخب وزیر خزانہ کو ہٹا کر آئی ایم ایف کے نمائندے کو مسلط کردیا گیا ہے ۔حکومت نے اپنے پہلے سال میں ہی سابقہ حکومتوں سے زیادہ قرض لیکر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے اور موجودہ اور آنے والی نسلوں کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیدیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی ویسا ہی بجٹ بنایا ہے جو سابقہ حکومتیں بناتی تھیں کیونکہ بجٹ بنانے والے سابقہ حکومتوں کے ہی لوگ ہیں ،عوام نے تبدیلی کا جوخواب دیکھا تھا وہ چکنا چور ہوچکا ہے پاکستان کے عوام اسلام پسند ہیں اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتے ہیں۔