ممبئی( نیٹ نیوز) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی فارنزک رپورٹ میں ان کے جسم میں کسی قسم کا زہر نہیں پایا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) کے 5 ممبران پر مشتمل پینل ہسپتال کی طرف سے جاری کی جانے والے پوسٹ مارٹم رپورٹ کی جانچ بھی کر رہے ہیں ۔ دوسری جانب نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے اداکارہ دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان اور شردھا کپور کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا جس میں ابھی تک تینوں اداکارہ کا منشیات فروشوں کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں پایا گیا۔ این سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کوئی ٹھوس ثبوت ملنے پر تینوں اداکاراؤں کو دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے ۔بھارتی اخبار کے مطابق اداکار ارباز خان نے سشانت سنگھ خودکشی کیس میں اپنا نام بدنام کرنے پر وبھور آنند، ساکشی بھنڈاری اور دیگر ملزمان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے ۔عدالت نے درخواست پر عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ملزمان کو متنازع مواد ہٹانے کا حکم بھی جاری کردیا ہے ۔