کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت کے ادارے اردو ڈکشنری(لغت)بورڈ نے 22 جلدوں اور ہزاروں صفحات پر مشتمل اردو لغت کو دو جلدوں پرمنتقل کر کے مختصراردولغت کے نام سے ڈکشنری تیار کر لی ہے ۔جس کی پہلی جلد شائع ہوچکی اور دوسری اشاعت کے مرحلے میں ہے جبکہ 22 جلدوں پر مشتمل اردولغت کی موبائل فون اپلیکشن کی تکمیل کرتے ہوئے تلفظ کے لیے اس میں باقاعدہ آواز(سپیکر)کا آپشن بھی شامل کر دیا ہے جس کے بعدصرف 4 ماہ میں اپلیکیشن استعمال کرنے والوں کی تعداد 15ہزارسے بڑھ کر 85 ہزارتک جا پہنچی ہے ۔ مختصر اردو لغت میں بعض الفاظ کے اضافے کے ساتھ ساتھ کچھ پرانے الفاظ کے معنوں میں نئی جہتوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ کچھ وہ الفاظ بھی شامل کیے گئے ہیں جوگذشتہ دہائیوں میں 22 جلدوں کی تیاری اوراشاعت کے وقت بول چال میں شامل تھے تاہم لغت میں شامل ہونے سے رہ گئے تھے ۔