پشاور(خبرنگار،92نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں ) پی ڈی ایم ، جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے عمران خان کو مسلط کیا وہ اجتماعی توبہ کریں،موجودہ حکومت کٹھ پتلی جس نے معیشت کو تباہ کر دیا ، اسلام آباد کی جانب مارچ کرینگے ، پھرآپ نے نہیں ہم راستے بند کرینگے ، ہمارا مطالبہ بلدیاتی نہیں عام انتخابات ہیں ۔پشاور میں مہنگائی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو چھپنے نہیں دینگے ، گن گن کر بدلے لینگے ، مہنگائی سے پریشان لوگ بچے بیچنے پرمجبورہیں، یہ آمروں کے ایجنٹ ہیں ، ناجائزحکومت کو سمندر برد کریں گے ، اداروں کو اب غیر جانبدار رہنا ہو گا ، عمران سیاست کا غیرضروری عنصر ہے ، کلبھوشن کی رہائی کیلئے قانون سازی کی گئی، اب یہ لوگ ریاست مدینہ کے نعرے کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں، ہم نے اب تمہارے گریبان میں ہاتھ ڈال دیا ہے ،اس حکومت کے خلاف بغاوت کردیں کیونکہ یہی طریقہ ہے ، حزب اختلاف کے لوگوں کو فون پر دھمکیاں دی گئیں کہ حکومت کے حق میں ووٹ دینا ہے ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ،الیکشن چوری کرنے کے لیے قانون میں تبدیلی کی گئی ، آفتاب شیرپائو نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ۔ ا میر مقام نے کہا ہے کہ جب تک عمران اور انکے کرپٹ ٹولے کو حکومت سے نکال باہر نہیں کیا جاتا تحریک جاری رہے گی،مارچ سے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔