کراچی( سٹاف رپورٹر ) قومی احتساب بیورو کراچی کی ٹیم نے کریم آباد اسماعیلیہ ملٹی پرپز کو آپریٹو سوسائٹی کے اعزازی سیکرٹری اوراعزازی خزانچی کے گھروں پر چھاپے مارکرکروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، سونے کے بسکٹ ، پرائزبانڈ اور ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق نیب کراچی کی ٹیم نے دوران تفتیش ملنے والی اطلاع پرفیڈرل بی ایریا میں واقع کریم آباد اسماعیلیہ ملٹی پرپزکو آپریٹو سوسائٹی میں رہائش پذیرسوسائٹی کے اعزازی سیکرٹری برکت علی اوراعزازی خزانچی امین محمد کریم فیضوانی کے گھروں پرچھاپے مارکرکروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، پرائز بانڈ ، طلائی زیورات اور سونے کے بسکٹ برآمد کرلیے ۔نیب ترجمان کے مطابق ملزمان کے گھروں سے برآمد ہونے والی اشیامیں 2 کروڑ70لاکھ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، دس لاکھ76ہزار مالیت کے پرائز بانڈ، 60تولے کے طلائی بسکٹ اور زیورات شامل ہیں۔ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک دوسرے کی مدد سے سوسائٹی کے جعلی انتخابات کرائے اورقوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سوسائٹی کا کنٹرول سنبھال لیا۔ترجمان نیب کے مطابق ملزمان پرالزام ہے کہ انھوں نے غیر قانونی طور پرفلیٹ اپنے من پسند افراد کو الاٹ کیے ،ملزمان نے سوسائٹی کا 9 ہزارمربع فٹ کاایمنٹی ایریا غیر قانونی طور پرفروخت کردیااور رقم اپنی جیبوں میں ڈال لی۔