لاہور(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کی سربراہی میں سنٹرل پولیس آفس لاہورمیں اہم آر پی او کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں جرائم کے خاتمے ، اشتہاریوں کی گرفتاری، موبائل فون چوری کی وارداتوں کی روک تھام، شہدا کے بچوں کی محکمے میں بھرتی، پنشن کیسز کو جلد نمٹانے جیسے معاملات پر اہم فیصلے کئے گئے ۔ خود احتسابی عمل کو تیز کرنے اور E-Gadgetsسے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے حکمت عملی طے پائی گئی۔کانفرنس میں اشتہاریوں کی گرفتاری اور جرائم کی صورت حال کے جائزے کیلئے پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو مربوط کر نے کا فیصلہ ہواجس کی مانیٹرنگ آئی جی پنجاب خود کریں گے ۔ آئندہ کرائم میٹنگ میں سسٹم کے ذریعے موصول ہونے والے اعدادو شمار کے پیش نظر کی جائے گی۔ لاہور پولیس کی طرف سے موبائل فون کی چوری کی روک تھام کیلئے تیار کی گئی ایپ کو صوبے بھر میں نافذ کرنے کیلئے ہر ضلع سے دو افسروں کی ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تمام آر پی اوز کو اس سلسلے میں احکامات جاری کردیئے گئے ،یکم اپریل کو صوبے بھر میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز زیر التواء پنشن کیسز کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ پنجاب پولیس میں خود احتسابی کے عمل کا دائرہ کار ڈی ایس پی سے بڑھا کر سینئر افسران تک لے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔