پشاور(نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی نے دو سینئر رہنماؤں بشریٰ گوہر اور افرا سیاب خٹک کی پارٹی رکنیت معطل کر دی اور اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔ پارٹی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے ، کارکنوں میں انتشار پھیلانے اور پارٹی کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں پارٹی صدر اسفندریار ولی خان نے مرکزی نائب صدر بشریٰ گوہر اور افراسیاب خٹک کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے ۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی سے متعلق دونوں رہنماؤں کوکئی بار تاکیدکی گئی اور پھر شوکاز نوٹسزبھی جاری کئے گئے لیکن دونوں رہنما شوکاز نوٹسز پر پارٹی قیادت کومطمئن نہ کرسکے ۔