پشاور،کوئٹہ،راولپنڈی (نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان سے دہشتگردوں کے پاکستانی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے نتیجہ میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں6 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کی حدود سے دہشتگرد وں کے حملوں کے وقت سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں صوبہ بلوچستان او ر صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقوں قمر دین کاریز اور باجوڑ میں پاک افغان سرحدپرباڑ لگا نے میں مصروف تھیں۔ حملوں میں زخمی ہونیوالے ایک اہلکار کا تعلق پاک فضائیہ اورچار کا تعلق ایف سی سے ہے ۔ پا کستانی سکیورٹی فورسز نے موثر جواب دیتے ہوئے حملوں کو ناکام بنادیا۔پا ک فورسز کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجہ میں چھ دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ پاک فوج کے مطابق دہشتگرد افغانستان میں حکومتی رٹ نہ ہونے اور محفوظ پناہ گاہوں کا فائدہ اٹھا تے ہوئے بارڈر پر باڑلگانے اور چوکیاں بنانے کے کام کو متاثر کر نا چاہتے ہیں۔ تاہم دہشتگردی کیخلاف کئے جانیوالے آپریشنز کی حاصل کردہ کامیابیوں کے بعد دشمن کی جانب سے درپیش تمام چیلنجز کے با وجود پاک افغان سرحد پر چوکیوں کی تعمیر اور باڑ کی تنصیب جاری رہے گی تاکہ دہشتگردوں کی آمدورفت روکی جاسکے ۔