لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ سردا رعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈاکٹر محمد شعیب سڈل کی سربراہی میں نیشنل کمیشن برائے مینارٹی رائیٹس کے وفد نے ملاقات کی،جس میں اقلیتی افراد کی فلاح وبہبود اورانہیں سہولتیں مہیا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں صوبہ بھر میں اقلیتی ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا،وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق ، سہولتوں کیلئے پنجاب کو مثالی صوبہ بنا رہے ہیں ، یوحنا آباد کو 30 کروڑ کی لاگت سے ماڈل علاقہ بنایا جا ئیگا ،وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کے امور کو بلاتاخیر حل کرنے کیلئے صوبائی سطح پر فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی ملازمین کو مذہبی ایام پر سرکاری تعطیل دی جائیگی ،اقلیتی طلبہ کواڑھائی کروڑ جبکہ پوسٹ گریجوایشن ، ریسرچ سکالرز اقلیتی طلبہ کواڑھائی کروڑ کے سکالرشپ دینگے ،اقلیتی امیدواروں کو مذہبی ایام کے دوران مقابلے کے امتحانات سے مستثنیٰ قراردینے کی تجویز کا جائزہ لیا جائیگا ، اقلیتوں کیلئے مخصوص اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جا رہا ہے ،اقلیتی قیدیوں کو متعلقہ مذہبی کتاب پڑھنے پر قید میں رعایت دی جائیگی ۔وفد میں رمیش کماراور ثاقب جیلانی ایڈووکیٹ شامل تھے ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پرلیورٹرانسپلانٹ اور بون میروکے امراض میں مبتلاچار مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 1کروڑ روپے سے زائد کے فنڈزجاری کردیئے گئے ہیں، لاہور کے جاوید اختر کے لیورٹرانسپلانٹ کیلئے 26لاکھ8ہزارروپے ،وہاڑی کے محمد سلیم کے لیورٹرانسپلانٹ کیلئے 26لاکھ8ہزارروپے ، لاہورکی غلام ذکیہ کے لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے 26لاکھ8ہزار روپے ،راولپنڈی کے نورزادہ کے بون میروٹرانسپلانٹ کیلئے 23لاکھ روپے کے فنڈزجاری کیے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوامستحق مریضوں کے علاج کیلئے تعاون کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام رواداری ، تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دینے پر زوردیتا ہے ، رواداری اور برداشت کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے گڑھی شاہو کے 19 سالہ حمزہ کی بیماری کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاج معالجے کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی، وزیراعلیٰ نے تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی اطہر مسعود کے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔