کوئٹہ، جھنگ،فیصل آباد،سیالکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک، ڈسٹرکٹ رپورٹر)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے شہباز شریف نے پولیس کے ذریعے 870 افراد کو قتل کرایا،وہ دھاندلی کے ماسٹر ہیں، انہیں ٹھیک ڈر لگ رہا ہے کیونکہ وہ انتخابات میں بری طرح شکست کھائیں گے ،ن لیگ ہمیشہ اپنے امپائرز کیساتھ میچ جیتتی آئی ہے ، ان کا الیکشن تب شفاف ہوتا ہے جب نجم سیٹھی کی نگران حکومت اور افتخار چودھری کے آر اوز ہوتے ہیں،الیکشن ملتوی ہوئے تو دہشتگرد کامیاب ہوجائینگے ،2013میں ساری جماعتیں کہہ رہی تھی دھاندلی ہوئی، ہمیں پیغام دیا گیا ہے کہ الیکشن مہم بند کر دیں ،ہم نے فیصلہ کیا ہے کچھ بھی کینسل نہیں کریں گے ، دہشتگردی کا مقصدالیکشن کومتاثر کرنا اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے ، دہشتگردی میں اندر کے بھی کچھ لوگ ملوث ہیں جو چاہتے ہیں انتخابات میں خلل پیدا ہو،اقتدار میں آنے کا کیا فائدہ اگر اپنے منشور پر ہی عمل نہ کرسکیں،کرپٹ لوگوں کیساتھ مل کر حکومت نہیں بنا سکتے ۔کوئٹہ میں شہید سراج رئیسانی و دیگر شہدا کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاسراج رئیسانی بہت محب وطن پاکستانی تھے ،سانحہ مستونگ میں جونقصان ہوا وہ سانحہ اے پی ایس کے بعد سب سے زیادہ نقصان ہے ، اس کے پیچھے پاکستان کے دشمن ہیں،سارا پاکستان سوگ میں ہے ، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، صوبوں اور وفاق کو ایک پیج پر اکٹھا ہونا ہوگا، دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے سے ہم پر مشکلات پڑیں۔جھنگ،فیصل آباد اور سیالکوٹ میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاشریفوں نے پولیس کو تباہ کردیا، کسی ملک میں یہ تصور نہیں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کہیں میں نے آپ کو ہسپتال دے دیا، لاہور کے بادشاہوں کو کیا پتہ جھنگ کے لوگ کیا چاہتے ہیں، اقتدار میں آئے تو سب سے پہلے بلدیاتی نظام لائیں گے ،ملتان میں شہبازشریف نے 60 ارب روپے لگا کر میٹروبس سروس بنائی لیکن بسیں خالی چل رہی ہیں،انہوں نے ملتان میں میٹرو کمیشن کیلئے بنائی،شریف برادران پنجاب کا آدھا پیسہ لاہورپر لگا دیتے ہیں ،مہنگائی کنٹرول اور ملک بھر کی پولیس کو غیر سیاسی بنائیں گے ، عوام نظریے کو کامیاب بنانے کے لئے بلے کو ووٹ دیں ۔رانا ثنا نے بیان دیا نوازشریف کا استقبال حج سے بھی بڑا کام ہے ، کوئی احمق،گدھا اور بیوقوف ہی ایسا بیان دے سکتا ہے ،جسے اسلام کی سمجھ ہی نہیں وہ ہی ایسا بیان دے سکتا ہے ، جو مجرم ملک کا 300ارب روپے لوٹ کر باہر لے گیا اس کا استقبال کرنے کیلئے کہا گیا،عابد شیر علی کے والد نے کہا رانا ثنا اﷲ نے 18قتل کئے ، ماڈل ٹاؤن میں انہوں نے 14لوگوں کو مارا،یہ وقت رانا ثنا اﷲ اور عابد شیر علی کو شکست دینے کا ہے ، الیکشن ہم ہی جیتیں گے ، زرداری سنیما کے ٹکٹ بلیک میں فروخت کرنے کے نام سے جانا جاتا تھا، نوازشریف کو اوپر اٹھانے والا جنرل ضیا تھا، نواز شریف کے بعد اب شہباز شریف اورخواجہ آصف اور پھر باقی سب جیل جائینگے ، خواجہ آصف تمہیں عثمان ڈار نے ہرانا ہے ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان سیالکوٹ کے شہیدوں کا مقدمہ لڑنے آیاہے ۔سابق ضلع ناظم محمد اکمل چیمہ،سابق وزیر اسجد ملہی نے کہاخواجہ آصف کے ساتھ ایک مافیا ہے جو سیالکوٹیوں کو لوٹتا ہے ۔