پشاور (92نیوز)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے دوہا میں امریکہ اور طالبان کے مابین امن مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جنگ سے تباہ حال افغانستان میں امن کے قیام میں مدد ملے گی۔ ایک بیان انھوں نے کہا کہ امریکہ امن مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں افغان حکومت کو اعتماد میں لے کیونکہ کابل اس مسئلے کا ایک اہم ترین فریق ہے ۔آفتاب شیرپائو نے تمام فریقین پر زور دیا کہ امن مذاکرات کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ جنگ زدہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کی راہ ہموار ہو سکے ۔انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام سے خطے بالخصوص پاکستان میں استحکام کو دوام ملے گا۔انھوں نے کہا کہ افغانیوں مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے امن مذاکرات کی کامیابی واحد راستہ ہے ،طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پاکستانی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھوں نے اسلام آباد پر زور دیا کہ وہ جاری امن مذاکرات کی حمایت جاری رکھے تاکہ قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کا مثبت نتیجہ سامنے آسکے ۔