کراچی (وقائع نگار)احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین اوردیگرکے خلاف 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں مکمل دستاویزات پیش کرنے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ جو ہورہا ہے مکافات عمل ہے ۔ منگل کو کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹرعاصم اوردیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔نیب کاگواہ شعیب بھی عدالت میں پیش ہوا۔گواہ کے دستاویزات نہ مکمل ہونے پرعدالت نے اظہار برہمی کیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے آپ گواہی نہیں دیناچاہ رہے ،آپ کیس میں کسی کو فائدہ پہچاناچاہتے ہو۔آپ کو پتا نہیں گواہی نہ دینے کی کیاسزاہے ،ہم تمہیں جیل بھی بھیج سکتے ہیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہ کومکمل دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کاحکم دے دیا۔عدالت نے ریفرنس کی مزید کارروائی بدھ 18جولائی تک ملتوی کردی۔سماعت کے بعد ڈاکٹرعاصم حسین نے میڈیا سے غیررسمی گفتگومیں کہاکہ نواز شریف کے جیل جانے پردکھ ہے ۔ نوازشریف نے اپنی حکومت میں جومیرے ساتھ کیا۔اب ان کے ساتھ بھی وہی ہو رہاہے ۔ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ لوگوں پرظلم نہیں کرنا چاہیے کیونکہ لوگوں کی آہ لگتی ہے اور کس طرح لگتی ہے وہ ہماراخدا ہی جانتا ہے ۔ مجھ پر جھوٹا کیس بنایا گیا ہے ۔ جن کی وجہ سے یہ کیس میرے اوپر بنایا گیا ہے ان کے نام بھی جلد سامنے آجائیں گے ۔ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ اب ریفرنس میں نیب زبردستی وہ دستاویزات بھی شامل کرناچاہ رہی جومشیرنامے میں شامل نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ایک جمہوری پراسس ہے ۔ اﷲ کرے الیکشن شفاف اور وقت پر ہوں۔