لاہور(اپنے رپورٹر سے ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا نواں اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم کی شرکائکو گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں ایل ڈی اے کی ملکیتی جائیدادوں کو ایک سے دس سال کی مدت تک لیز پر دینے کے لئے قواعد کی منظوری دی گئی۔ شفافیت یقینی بنانے کے لئے تمام جائیدادوں کے حقوق کرایہ دار ی نیلام عام کے ذریعے فروخت کئے جائیں گے ۔ دریں اثنا لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف میٹرو پولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز بشریٰ نصیر نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں نیسپاک ہاؤسنگ سکیم فیز ون اور اقبال ایونیو فیز تھری میں پودے لگائے ۔دونوں سکیموں کے سپانسرز کو اپنی اپنی حدود میں دو ہزار نئے پودے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ بعد ازیں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے عملے نے فیرو ز پورروڈ پر واقع پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کے غیر قانونی طور پر توسیع شدہ حصے میں آپریشن کیا اوروہاں ناجائز طور پر بنائی جانے والی کمرشل مارکیٹ مسمار کر دی۔آپریشن میں ایل ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹیٹ مینجمنٹ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز ‘ٹاؤن پلاننگ اور انفورسمنٹ کے افسران اور عملے نے حصہ لیا۔