پشاور(شہزادہ فہد ) خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے پشاور کی تاریخی حیثیت کی بحالی کیلئے گزشتہ دور حکومت میں شروع کیا گیا ایک ارب روپے کا منصوبہ مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے ، محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا نے منصوبہ ’’ والڈ سٹی‘‘ کی ڈاکومنٹیشن سروے ،ہنرمند ٹریننگ،گورگھٹڑی مرمت پر ہی 40 کروڑ روپے پھونک دیئے ،صوبائی حکومت کی جانب سے منصوبے میں ردوبدل کرکے ہیرٹیج ٹریل ’’ثقافتی راہداری‘‘کو بھی شامل کیا گیا جس پر50 کروڑ سے زائد خرچ کئے گئے ۔ محکمہ آثار قدیمہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ والڈ سٹی پراجیکٹ پر 70 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ منصوبے میں آرٹیزن ویلج، شہر کا سروے اور گورگھٹڑی کی مرمت پر 20 کروڑ روپے خرچ کئے جبکہ ہیرٹیج ٹریل منصوبے پر 50 کروڑسے زائد لاگت آئی ہے ۔