پشاور(سٹاف رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی اور خیبرپختونخوا حکو مت کو آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کے اہل خانہ کوکوئٹہ کے وکلاء کمیونٹی کے برابر معاوضہ دینے کا حکم دے دیا،اس حوالے سے پشاور ہائیکورٹ میں شہید ہونے والے طلباء کے والدین نے رٹ جمع کرائی تھی جس پر گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس وقار احمد سیٹھ نے فیصلہ سنایا،فیصلے کے مطابق بچوں کے اہل خانہ کو اتنا ہی معاوضہ دیا جائے جتناکوئٹہ کے وکلاء کمیونٹی کو دیا گیایاسکول کے دیگر سٹاف کو دیا گیا ۔فیصلہ میں بتایا گیا کہ ثابت ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت نے امتیازی سلوک کیا،جلد از جلد شہداء کے لواحقین کو معاوضہ یقینی بنایا جائے ۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیتے ہو ئے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق شہید پرنسپل اور سٹاف کے اہل خانہ کوسینٹ کی میٹنگ کے بعد معاوضہ دیا گیا،درخواست گزار نے وفاقی حکومت کو اے پی ایس شہدا ء کے لواحقین کے لیے مخصوص شہداء پیکج کا اعلان کرنے کی درخواست کی تھی۔ واضح رہے کہ آرمی پبلک سکول کا سانحہ 16دسمبر 2014ء کو ہوا تھا جس میں 140 سے زائد بچے اور اساتذہ شہید ہوئے تھے ۔