لندن (نیٹ نیوز) شہرہ آفاق فنٹیسی ناول ہیری پوٹر کی شہرت کے بعد مداحوں کی جانب سے بنائی گئی 2 اہم ویب سائٹس نے مذکورہ ناول کی لکھاری، ناول نگار اور انسانی حقوق کی رہنما 54 سالہ جے جو این رولنگ المعروف جے کے رولنگ سے لاتعلقی کا اظہار کردیا، معروف ویب سائٹس 'مگلنیٹ‘ اور 'دی لیکی کالڈرن ‘ نے جے کے رولنگ کی جانب سے مخنث افراد کے خلاف نامناسب تبصرہ کیے جانے کے بعد ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ دونوں مذکورہ ویب سائٹس کو 2 دہائیاں قبل فنٹیسی ناول ہیری پوٹر کے مداحوں نے بنایا تھا اور ان پر مذکورہ ناول سمیت لکھاری جے کے رولنگ کے حوالے سے تصاویر، انٹرویوز، ویڈیوز اور دیگر اقسام کا مواد شائع کیا جاتا تھا، اب دونوں ویب سائٹس نے جے کے رولنگ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جانب سے مخنث افراد کے خلاف دیے گیے بیانات کو قابل مذمت قرار دے دیا۔ ویب سائٹس کے مشترکہ بیان میں کہا گیا اب دونوں ویب سائٹس پر جے کے رولنگ کی تشہیر کی جائے گی اور نہ ہی لکھاری کے حوالے سے کوئی مواد شائع کیا جائے گا ۔