کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا سامان اور اس کے تباہ کئے گئے طیارے کی باقیات نمائش کے لیے پیش کردی ہیں۔پاک فضائیہ نے پی اے ایف میوزیم ابھی نندن گیلری ہر خاص و عام کے لیے کھول دی ہے جہاں ابھی نندن کا باوردی مجسمہ، اس کے زیر استعمال نقشے ، گھڑی اور دیگر سامان کے علاوہ اس کے تباہ شدہ جہاز کی باقیات بھی رکھی گئی ہیں۔میوزیم میں ابھی نندن کے مجسمے کو پاکستانی فوجی کے مجسمے کے ساتھ کھڑا کیا گیا اور اور وہیں چائے کا ایک کپ بھی رکھا ہوا ہے ۔میوزم میں ابھی نندن کا مجسمہ نصب کرنے پر بھارتی آگ بگولا ہوگئے اور سوشل میڈیا پر اپنے دل کی بھڑاس نکالنے لگے ۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق پاکستانی میڈیا اور برانڈز نے ابھی نندن اور اُن کے چائے کے کپ کا غلط استعمال کیا۔اے ایف پی کے مطابق طلبہ کے ایک گروپ نے میوزیم کادورہ کیا اورنمائش میں رکھی گئی اشیا کو دیکھا اس موقع پر طلبہ نے کہا کہ ہمیں ابھی نندن کا مجسمہ اور دیگر سامان دیکھ کر اپنے ملک پر بڑا فخر محسوس ہو رہا ہے ۔