لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے،سپیشل رپورٹر )وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت کی روشنی میں عوام الناس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اور ان کو انصاف کی فوری فراہمی کے لیے کھلی کچریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ اسی ضمن میں تحصیل ماڈل ٹاون کے علاقہ باگڑیاں میں موجود پی سی آئی ایس آر میں ایک کھلی کچری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وزیر اعلی پنجاب کے مشیر عون چودھری، چوہدری امین ذوالقرنین ایم پی اے ، ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے باگڑیاں اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے لوگوں کے مسائل سنے ۔ اس موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی ، واسا اور دیگر اداروں کے افسران اور اے سی ماڈل ٹاون بھی موجود تھے ۔ اس موقع ہر مذکورہ آبادی کی رہائشیوں نے علاقہ میں صفائی ستھرائی ، پانی ، سوئی گیس اور لیسکو کے بارے میں شکایات درج کروائیں ۔ جس پر عون چودھری اور ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے افسران کو علاقہ میں صفائی ستھرائی اور واسا کے حوالے سے مسائل فوری طور پر حل کر نے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اے سی ماڈل ٹاون کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی طرف سے کی جانے والی شکایات کی رپورٹ خود تمام محکموں سے لینگے اور اپنی نگرانی میں لوگوں کے مسائل حل کروائیں گے ۔ عوام الناس نے باگڑیاں میں کھلی کچہری کے انعقاد پر شکریہ بھی ادا کیا ۔ انہوں نے حکومتی اقدامات کو سراہا۔