کراچی( شوبز ڈیسک ) ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈائون ہونے پر فنکار بھی میدان میں آ گئے ۔ کچھ فنکاروں نے اس صورتحال پر مزاحیہ ٹوئٹس کیں جب کہ کچھ پریشان نظر آئے ۔ اداکارہ زارا نور عباس نے ملک بھر سے بجلی غائب ہونے پر ٹوئٹ کیا ’’چلو جی میرا بگ باس کا ایپی سوڈ بھی ڈاؤن لوڈ نہیں ہورہا اس نیٹ ورک پر۔ وائے فائے بھی نہیں آج ایویکشن ڈے تھا یار۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بلیک آؤٹ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔ اداکار نور حسن نے پاکستان کی صورتحال پر بننے والی ایک مزاحیہ میم انسٹاگرام پر شیئر کرائی جس میں لکھا تھا ’’پاکستان صحیح سے چل نہیں رہا تھا واپڈا نے سوچا آف کرکے آن کرتے ہیں‘‘۔ گلوکارہ مومنہ مستحسن نے طنزیہ ٹوئٹ کیا ’’ہمارے تاروں میں پیدا ہونے والی خرابی‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام لوگوں کے محفوظ ہونے کی امید کی اور بلیک آؤٹ اور الیکٹرسٹی کے ہیش ٹیگ استعمال کئے ۔مارننگ شو کی میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں زندگی اور موت کی جنگ لڑرہے مریضوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔