لاہور(اپنے رپورٹر سے ) بجلی کی قیمت میں اضافہ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ، حکومت کو شدید تنقید بناتے ہوئے اضافہ واپس لینے کامطالبہ کردیا۔حکومت کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1.95 روپے کا اضافہ کرنے پر شہریوں نے حکمران جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ روزنامہ 92 نیوز سروے میں شہری پھٹ پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کرکے مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے ۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہری ریاض نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ ہونے سے غریب افراد مزید کسمپرسی کا شکار ہو جائیں گے ۔ اصغر نے کہا کہ حکومت کو اڑھائی سال ہو چکے ہیں، اب حکومت کو ریلیف دینا چاہیے لیکن مزید مہنگائی کی جا رہی ہے ۔ یونس نے کہا کہ حکومت کو عوام کی حالت کا احساس کرتے ہوئے اضافہ واپس لینا چاہیے ۔ مراد نے کہا کہ اس حکومت سے تبدیلی کی امید تھی لیکن حالات مزید بدتر ہوگئے ہیں۔ فیصل نے کہا کہ حکمران جماعت کی طرف سے الیکشن سے پہلے بہت دعوے کیے گئے تھے لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے ۔ وہاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئندہ نہیں آنی چاہیے ۔