کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) حکومت بلوچستان اور وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز میں 10برس سے قائم مسنگ پرسنز کیمپ 2ماہ کیلئے بند کرنے کا معاہدہ ہوگیا ہے ۔ لاپتہ افراد کی بازیابی میں پیش رفت نہ ہونے پر کیمپ دوبارہ قائم کردیا جائے گا۔ 5برس میں250سے زائد لاپتہ افراد منظر عام پر لائے گئے ہیں، گزشہ روز وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراﷲ بلوچ اور وائس چیئرمین ماما قدیر نے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جام کمال خان نے کہا کہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، وفاقی و صوبائی حکومت اورمتعلقہ ادارے مسئلے کے حل کے لئے ایک پیچ پر ہیں ، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے اعتماد پر مشکور ہیں، 2ماہ کے اندر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جو کچھ ہوسکا کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان سے بھی بات ہوئی ہے اورہمیں مثبت جواب ملا ہے ۔