کراچی(کامرس رپورٹر) محسن پاکستان،ممتازایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیرخان نے کہاہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ،اس کے تمام شہرپاکستان کے نشانے پرہیں، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اتنی مضبوط ہے کہ ہم صرف آدھے گھنٹے میں پورے بھارت کوصفحہ ہستی سے مٹاسکتے ہیں،پاک فضائیہ کے جوابی وارنے قوم کاسرفخرسے بلند کردیاہے ۔جمعہ کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی )کے ’’جاگ رہاہے پاکستان‘‘پروگرام میں اسلام آباد سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرقدیرنے کہاکہ جنگ کسی بھی مسئلے کاحل نہیں ہے تاہم کوئی تھوپناچاہے تو پھرجواب دینا ہی پڑتاہے ،پاکستان کی ایئرفورس انتہائی مضبوط ہے اوراس نے بھارتی شرانگیزی کوسبق دیا اوراسکے جہازمارگرائے ،اگرکوئی ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کرے تو پھرسبق سکھانا ہی پڑتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کوجوسبق اسکے طیاروں کی تباہی اورپائلٹ کی گرفتاری سے ملاہے ،امید ہے کہ اب وہ پاکستان کے ساتھ ایسی کوئی شرارت نہیں کرے گااوراگراس نے دوبارہ ایسا کیاتوپھراسے منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔