`کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی کو حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ اکثریت حاصل ہوگئی ،اتوار کے روز چاغی سے آزاد رکن اسمبلی میر عارف جان محمد حسنی نے بی اے پی پارٹی کے صدر جام کمال سے ملاقات کی اور باقاعدہ طور پر بی اے پی میں شمولیت کا اعلان کیا ،اس طرح بلوچستان اسمبلی میں بی اے پی کے ارکان کی تعداد 18 ہوگئی جبکہ مزید 2 آزاد ارکان کی باپ میں شمولیت کسی بھی وقت متوقع ہے ۔دوسری طرف اے این پی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے حکومت سازی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا، انکے 5 ارکان منتخب ہوکر اسمبلی میں آئے ہیں اور ممکن ہے بی اے پی سے اتحاد کے بعد خواتین کی 2 نشستیں بھی ان پارٹیوں کو مل جانے کے امکانات ہیں ،بی اے پی کے ذرائع کے مطابق بی این پی عوامی اور جمہوری وطن پارٹی سے بھی معاملات طے پاگئے ہیں تاہم اصل مسئلہ بلوچستان عوامی پارٹی میں وزیراعلیٰ کے امیدوار کا ہے کیونکہ پارٹی صدر جام کمال کے بعد سابق وزرائے اعلیٰ میر قدوس بزنجو اور جان جمالی نے بھی وزیراعلیٰ بننے کیلئے سر توڑ کوششیں شروع کردیں ہیں۔