لندن(نیٹ نیوز)برطانوی شہزادہ ہیری نے پہلی بار کھل کر اعتراف کیا ہے کہ شاہی گھرانے میں پیدا ہونے اور شاہانہ طرز زندگی گزارنے کی وجہ سے وہ کئی سال تک ’لاشعوری تعصب‘ کا شکار رہے ۔شہزادہ ہیری کے مطابق انہیں کئی سال تک اس بات کا ادراک ہی نہیں تھا کہ تعصب کیا اور نسلی تفریق کیسی ہوتی ہے اور وہ اس سے لاعلمی کی وجہ سے ہی ’لاشعوری تعصب‘ کا شکار رہے ۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق شہزادہ ہیری نے فیشن میگزین جی کیو کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں ’لاشعوری تعصب‘ کا احساس اس وقت ہوا جب انہوں نے اپنی زندگی کو بیوی کی طرز زندگی کے مطابق گزارنا شروع کیا۔شہزادہ ہیری کے مطابق انہوں نے ’لاشعوری تعصب‘ کو اس وقت سمجھا جب انہوں نے اپنی بیوی کے جوتوں میں وقت گزارا۔شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل امریکی نژاد سابق اداکارہ ہیں اور دونوں نے مئی 2018 میں شادی کی تھی، اب ان کا ایک بیٹا بھی ہے ۔میگھن مارکل کے والد سفید فام امریکی ہیں جب کہ ان کی والدہ افریقی نژاد سیاہ فام امریکی ہیں، ان کے برعکس شہزادہ ہیری کا خاندان نہ صرف سفید فام ہے بلکہ ان کے آباؤ اجداد بھی کئی صدیوں سے شاہانہ زندگی گزارتے آئے ہیں۔