کراچی (رپورٹ: عمران شیخ) اداکارہ ماہرہ خان،حریم فاروق اور مایا علی نے ایک دوسرے کی فلموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کر دیا۔ اس حوالے سے اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ مقابلے کے دور میں ایک فلم ریلیز ہو یا تین خوشی اس بات کی ہونی چاہیئے کہ پاکستانی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں ہمیں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے چکر میں نہیں بلکہ لالی ووڈ انڈسٹری کی ترقی کے لئے ملکر کام کرنا چاہیئے ۔ اداکارہ حریم فاروق کا کہنا تھا کہ مجھے ذاتی طور پر اپنی فلم کے سامنے دیگر ریلیز ہونے والی فلموں کی ریلیز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے یہ تو اچھی بات ہے کہ اب ہم فنکاروں میں ہم آہنگی بڑھتی جارہی ہے جو کہ فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔ فلم جس کی اچھی ہوگی وہ چلے گی بھلے عید پر ایک ساتھ ریلیز ہو یا علیحدہ سے ریلیز کریں ۔ اداکارہ مایا علی کا کہنا تھا کہ تین فلموں کی ریلیز سے مقابلے کی فضا قائم ہوگی اور شائقین کے لئے بھی اپنے پسندیدہ فنکاروں کی فلم دیکھنے کی چوائس ہوگی جو کہ فلم انڈسٹری کے لئے بھی ایک خوشگوار ماحول مرتب ہوگا۔ فلمی ہیروین کی ایک دوسرے سے نیک خواہشات کی نفی کرتے ہوئے ملک کے سینئر فلم اسٹار اور ہدایتکار شان شاہد نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا کہ تین فلموں کے بیک وقت ریلیز انڈسٹری کے لئے اچھا عمل ثابت نہیں ہوگا۔ انڈسٹری کو ایسی فلموں کی ضرورت ہے جس کو عید کے بغیر ریلیز کیا جاسکے ۔ انکا کہنا تھا کہ عید پر ریلیز ہونے والی تینوں فلمیں بہت شاندار ہیں البتہ انکو ایک ساتھ ریلیز کرکے ذیادتی کی جارہی ہے ۔ معیاری فلم خود ہی شائقین کو سینماء گھر تک کھینچ لاتی ہے ۔