کراچی(وقاص باقر/92نیوز)تحریک انصاف نے مرکز میں بڑی اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی، عمران خان نے سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کو مضبوط اپوزیشن کرنے اورجیالوں کی سندھ حکومت کو ناکوں چنے چبوانے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیدیا، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ ملکر بھی دیہی سندھ میں بھرپور اپوزیشن کی جائے گی، اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی وسیاسی ایکشن کا ری ایکشن سندھ اسمبلی اور سندھ کی سڑکوں پر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سب سے بڑی اکثریتی جماعت تحریک انصاف نے مرکز میں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج اور حکمت عملی سے نمٹنے کیلئے پلان تیار کرلیا۔ پی ٹی آئی کے تھنک ٹینک نے مرکزی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی احتجاجی تحریک اور مہم جوئی سے نمٹنے کیلئے سندھ اور پنجاب میں پارٹی ارکان اسمبلی کو متحرک کیا جائے ۔ دیہی سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف مختلف ایشوز پر پی ٹی آئی اور جی ڈی اے محاذ گرم رکھیں اور سندھ اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن بھی پیپلزپارٹی کے خلاف بھرپور کردار ادا کرے ۔ اس حوالے سے جمعرات کو بنی گالہ میں تحریک انصاف کے نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں عمران خان نے واضح کیا کہ سندھ میں بھرپور اپوزیشن کرنی ہے ، اجلاس میں شریک پی ٹی آئی کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے نائنٹی ٹونیوز کو بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو سندھ میں ناکوں چنے چبوانے ہیں اور اسکے لیے آپکا کردار اور ہوم ورک بہتر ہونا چاہیئے ۔