کراچی (سٹاف رپورٹر ) شہدائے نشتر پارک کی یاد میں منعقدہ جانثاران مصطفی ؐ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ اور پاکستان کی سالمیت کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ، ملک کے اندر اور باہر سے ناموس رسالت ﷺ پر کئے جانے والے تمام حملہ آوروں کا محاسبہ کریں گے ،سوشل میڈیا کے ذریعہ سے مسلمانوں کے نظریات پر حملے کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا،تمام اداروں ،حکومت ،فوج اور عوام کو ملکی سالمیت کے دفاع کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا،ایرانی جنرل کا قتل امریکا کو مہنگا پڑے گا،امریکاپوری دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے ،اقوام متحدہ کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ اور جانبدرانہ ہے ،حکومت وقت جہاد کشمیر کا اعلان کرے ،اسلامی ممالک کو مشترکہ اسلامی کرنسی اور فوجی اتحاد قائم کرنا ہوگا ،بھارت مسلمانوں کی نسل کشی سے باز رہے ہم متحد ہیں بھارت کو متنبہ کرتے ہیں ۔سربراہ جے یو پی صاحبزادہ ابو الخیر زبیر الازہری نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والی حکومت اسلام اور پاکستان کے خلاف چل رہی ہے ،مذہب کو نشانہ مت بنایا جائے ،حکومت وقت نے کرتار پور راہدار ی سکھوں کے لئے نہیں بلکہ مرزائیوں کے لئے کھولی ہے ۔کرپشن کے خلاف نعرہ لگاکر حکومت پر قبضہ جمانے والوں کے گرد جمع ہونے والا ٹولہ خود کرپٹ اور نیب زدہ ہے ،پاکستان میں مادر پیدر آزاد معاشرہ قائم نہیں ہونے دیں گے ۔اس موقع پردیگر علمائومشائخ نے بھی خطاب کیا۔