لاہور(خصوصی نمائندہ)پنجاب میں تحریک انصاف کی اہم اتحادی جماعت ق لیگ کی ناراضگی دور نہ کی جا سکی اورمعاملات میں مزید خرابی کا امکان پیدا ہو گیا۔ق لیگ کے ترجمان کامل علی آغا نے اپنی اتحادی کے ساتھ دوریوں کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہو ئے کہا کہ ارکان اسمبلی سمیت بطور اتحادی جما عت پچھلے دو ماہ سے تحفظات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور حکمران اتحاد میں اختلافات بڑھ گئے ، ایشوز پر بھی کوئی مشاورت نہیں کی، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں اتحاد وسیع تر ملکی مفاد میں ہے لیکن مسلم لیگ کے ارکان اسمبلی کو اپنے انتخابی حلقوں کے کام میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم ہاؤس نے چودھری برادران سے رابطہ کیا اور تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی کرائی، ذرائع وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق 24 گھنٹوں میں وزیر اعظم عمران خان کی چودھری برادران سے ملاقات متوقع ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ملاقات میں پرویز الٰہی نے شکوہ کیا کہ اتحاد کے حوالہ سے طے پانے والے معاملات پر تا حال عملدرآمد نہیں ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کے مطابق پرویز الٰہی نے کہا کہ جب مرکز اور پنجاب میں ق لیگ کے ساتھ پی ٹی آئی نے اتحاد کیا تھا تو 2، 2 وزارتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اب تک ایک، ایک وزارت دی گئی ہے اور ان کے وزرا بھی بے اختیا ر ہیں ۔