اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،نامہ نگار خصوصی) احتساب عدالت اسلام آبادمیں آصف زرداری اوریوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا ۔ عدالت نے سابق صدر کی ایک روزہ حاضری استثنی کی درخواست منظور کرلی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق چئیرمین اوگرا توقیر صادق وغیرہ کے خلاف 52 بلین کی مبینہ خردبردکے ریفرنس میں گواہ کا بیان اور جرح جاری رہی،مزید سماعت31 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت لاہورنے چنیوٹ مائنز اینڈ منرلز ریفرنس میں وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان سمیت 7ملزمان کیخلاف سماعت 31 مارچ تک ملتوی کر دی ،عدالت نے آئندہ سماعت پرسبطین خان کی ریفرنس کی قانونی حیثیت چیلنج کرنے کی درخواست پر نیب سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔احتساب عدالت لاہور نے آصف ہاشمی کے خلاف غیر قانونی سرمایہ کاری اور پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت4اپریل تک ملتوی کرکے پی پی رہنماء کی بریت کی درخواست پر مزید دلائل طلب کر لئے ۔احتساب عدالت لاہور نے پنجاب یونیورسٹی میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں ملوث سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر کے خلاف سماعت7اپریل تک ملتو ی کردی،عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر مزید دلائل طلب کر لئے ۔احتساب عدالت لاہور نے ڈی پی او ساہیوال آفس میں کروڑوں روپے خورد برد کے ریفرنس میں ملزمان کے وکلاسے بریت کی درخواست پر مزید دلائل طلب کر لئے ۔