پشاور(سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں وفاقی وزرا فروغ نسیم، فواد چودھری ، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور شہزاد اکبر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونیکا حکم دیدیا ۔جسٹس روح الامین اور جسٹس اعجاز انور نے پشاور ہائیکورٹ میں وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پرویز مشرف کیس کے فیصلے کے بعد ان تمام افراد نے پریس کانفرنس کی تھی، پریس کانفرنس میں توہین آمیز ریماکس دیئے گئے تھے ۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر جاویدکے فریقین کی جانب سے دلائل دینے کی استدعامستردکردی، ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر جاوید نے کہا کہ فریقین کی طرف سے ہم اس کیس کی پیروی کریں گے ، جسٹس روح الامین نے ریماکس دیئے کہ توہین عدالت جس نے کی وہ خود پیش ہو جائیں پھر آپ کو بھی سنیں گے ،مشرف کیس کے فیصلے پر وفاقی وزیر فروغ نسیم ، وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری ، معاون خصوصی شہزاد اکبر اور فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کی تھی۔